سپریم کورٹ سے کہنا چاہتی ہوں اس فتنےکی سیاست سے دور رہے، مریم نواز

بہاولپور: مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان کوکسی بیرونی دشمن سے نہیں عمران نامی فتنےاورانتشار سے خطرہ ہے، نمبر بند ہونے سے اس کالانگ مارچ ناکام ہوا تو یہ خط لے کر سپریم کورٹ پہنچ گیا، سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ اس فتنےکی سیاست سے دور رہے۔

مریم نواز نے بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ پہلے اداروں کی منتیں کرتا ہے اور پھر گلیوں میں گالیاں دیتاہے، یہ عدم اعتماد سے قبل آصف زرداری کی منتیں کرتا رہا اور لانگ مارچ سے قبل نواز شریف کی منتیں کررہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ دے دیں تو مارچ نہیں کروں گا۔ بندے لانے کی تیاری نہیں تھی لیکن کیا آگ لگانےکی پوری تیاری تھی؟ فتنہ مارچ کو مسترد کرنے پرخیبرپختونخوا کےعوام کو شاباش دیتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عالمی دباؤ نظر انداز کر کے 5 بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 دھماکے کیے، نواز شریف نے اربوں ڈالر کی امداد ٹھکرا کر دنیا کو ایبسولوٹلی ناٹ کہا اور ایٹمی دھماکے کیے۔ نواز شریف نے ملک کو روشنیاں دیں، نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور کیے، نواز شریف نے دہشت گردی سے نجات دلائی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کے لیے کئی ملکوں نے دھمکیاں دیں، یوم تکبیر کا مطلب ہے دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھ نہیں سکتا، قوم کو یوم تکبیر کی مبارک باد دیتی ہوں۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان قوم پوچھتی ہے تم نے سوائے بدتمیزی اور گالیوں کے کیا دیا، تم نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، عمران خان نے پاکستان کو غربت دی، بے روزگاری دی، کوئی ایک ایسا کارنامہ بتاؤ جس پر کسی ملک نے تمہارے خلاف سازش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے شہید کارکنوں کے اہل خانہ سے افسوس کرتی ہوں، ان کے بچوں نے پوچھا تو ہو گا کہ عمران خان تمہارے بچے ٹھنڈی ہواؤں میں بیٹھے ہوئے ہیں، جہاد تو تمام مسلمانوں کا فرض ہے، قاسم اور سلیمان کو لندن میں کیوں بٹھایا ہوا ہے، پہلے اپنے بیٹوں کو کہے کہ تاج برطانیہ کا طوق اتار کر یہاں آئیں اور مارچ کریں۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ خان کو اقتدار سے باہر رہنے کی عادت نہیں، عمران خان واپس وزیراعظم ہاؤس جانا چاہتا ہے یہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔ اس نے کارکنوں کو گندی زبان سکھا دی، ایک ویڈیو دیکھی جس میں باپردہ خاتون پولیس والے کو گالیاں دیتی رہی مگر وہ کچھ نہ بولا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف چند مہینوں میں پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوجائیں گے، انقلابی پولیس کے اور ڈنڈوں کے ڈر سے دبک کر گھروں میں نہیں بیٹھ جاتے۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ آج کی آڈیو لیک نے عمران نیازی کا بھانڈا پھوڑدیا، یہ جن لوگوں پرسازش کاالزام لگاتا رہا ان سے حکومت بچانےکی بھیک مانگتا رہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران نیازی نے جتنے ٹچ دینے تھے دے دیئے، اب اس نے انتشار پھیلانے کی کوشش کی ہم اسےجیل کاٹچ دیں گے۔ ابھی آٹا سستا کیا ہے، چند روز میں گھی اور چینی بھی سستا کرنے کی خوشخبری سناؤں گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بہاولپور میں اسپیڈو بسز کی تعداد بارہ سے بڑھا کر چوبیس کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More