منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز دوبارہ طلب

لاہور: لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال،رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف،حمزہ شہباز سمیت تمام ملزموں کو بیس جنوری کو دوبارہ طلب کرلیا۔

عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے حمزہ شہباز کی درخواست بریت پر وکلا کو دلائل کیلئے دوبارہ طلب کرلیا ہے۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات،منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان نے احتساب عدالت پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی جبکہ شہباز شریف اسلام آباد میں مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے اور وکلا نے انکی حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔

منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے شریک ملزم علی احمد سے متعلق گواہ کا بیان ریکارڈ کیا اور جرح بھی مکمل کی گئی۔ احتساب عدالت کے جج نسیم احمد وِرک نے شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے تمام ملزموں کو بیس جنوری کو دوبارہ طلب کرلیا۔

عدالت نے شہباز شریف خاندان کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف دائر اعتراضات پر بھی سماعت ملتوی کردی جبکہ احتساب عدالت کے جج ساجد اعوان نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس پر سماعت کی تو حمزہ شہباز نے حاضری مکمل کروائی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلا سے درخواست بریت پر دلائل طلب کرلئے۔

دوسری جانب آشیانہ اقبال کیس میں ملزمان امتیاز حیدر اور بلال قدوائی کی بریت کی درخواستوں پر وکلا نے بحث کی۔ عدالت نے سماعت بیس جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے گواہوں کو بھی طلب کرلیا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More