تازہ ترین
آیا صوفیہ میں 86 برس بعد پہلی نماز جمعہ آج ادا کی جائے گی

آیا صوفیہ میں 86 برس بعد پہلی نماز جمعہ آج ادا کی جائے گی

استنبول :(24 جولائی 2020)ترکی کی تاریخی آیا صوفیہ مسجد کو چھیاسی برس بعد آج نمازیوں کیلئے کھول دیا جائے گا،ترک صدر رجب طیب اردوان سمیت تقریباً ڈیڑھ ہزار افراد نماز جمعہ ادا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ترک حکومت کی جانب سے بھی آیا صوفیہ میں چھیاسی سال بعد نماز کی ادائیگی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور کورونا کے باعث درجہ حرارت چیک کرنے کے لیے 17 چیک پوائنٹس بنائے گئے ہیں جب کہ نمازیوں کے لیے ماسک کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے نمازیوں کو مسجد لے جانے کے لیے فری شٹل سروس بھی مہیا کی جائے گی جب کہ پانی کی بوتلوں، ماسک، سینیٹائزر اور قالین کا بھی انتظام کیا گیا ہے،آیا صوفیہ مسجد میں کل سے باقاعدہ پنج وقتہ نماز بھی ادا کی جائے گی۔

گزشتہ دنوں ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی اچانک آیا صوفیہ کا دورہ کیا تھا اور مسجد کی تیاریوں کا جائزہ لیا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ترکی کی اعلیٰ عدلیہ کونسل آف اسٹیٹ نے یونیسکو کے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل 1500 سال پرانی عمارت کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔

عدالتی فیصلے کے فوری بعد ترک صدر رجب طیب اردوان نے آیا صوفیہ کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے کے صدارتی حکم نامے پر دستخط کر دیئے تھے جس کے بعد آیا صوفیہ کی میوزیم کی حیثیت ختم ہوگئی ہے اور اس کا کنٹرول ترکی کے محکمہ مذہبی امور نے سنبھال لیا تھا۔

Comments are closed.

Scroll To Top