تازہ ترین
موجودہ حکمران ہر بحران کو مزید گہرا کر دیتے ہیں،سابق صدر

موجودہ حکمران ہر بحران کو مزید گہرا کر دیتے ہیں،سابق صدر

کراچی:(23 جون 2020) سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ موجودہ حکمران آئین کو مانتے ہیں نہ ہی اصول اور تہذیب کو، ہر چیز توڑ پھوڑ دینا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے قمر زمان کائرہ اورچوہدری منظور احمد کو ٹیلی فون کیا اور پنجاب کی قیادت سے تازہ ترین صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

پی پی رہنماؤں سے گفتگو میں پیپلز پارٹی کےشریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ مقدمات کا کوئی خوف نہیں، پہلے بھی عدالتوں میں مقابلہ کیا اب بھی کریں گے،پنجاب میں جیالے متحد رہیں جلد اچھا وقت آنے والا ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں حکومت نے لوگوں کے لئے کچھ نہیں کیا تو خوفناک صورتحال جنم لے سکتی ہے،بدقسمتی سے وفاقی حکومت صوبوں کو مضبوط بنانے کی بجائے انہیں مزید کمزور کررہی ہے،وفاق میں بیٹھے لوگ سیاسی ادراک نہیں رکھتے، ہر بحران کو مزید گہرا کردیتے ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئےتیار ہے،اٹھارہویں ترمیم نے وفاق کو جوڑا، این ایف سی ایوارڈ نے اس جڑ کو اورمضبوط کیا۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ میں نے ٹڈی دل کی پہلے وارننگ دی تھی لیکن ان کو سمجھ ہی نہیں آئی تھی،آج خوراک کی شدید قلت کا خطرہ ہے،گندم،چینی اور کپاس درآمد کی جارہی ہے،ٹڈی دل سے کسان کو اور ملک کو جو نقصان ہوگا وہ کئی سالوں تک پورا نہیں ہوسکےگا۔

آصف زرادری کا مزید کہنا تھا کہ دو سیلابوں کے باوجود ہم نے خوراک کی کمی نہیں ہونے دی اور پیپلز پارٹی نے دوہزار آٹھ کے عالمی بحران میں کسانوں اور مزدوروں کو سپورٹ کیا۔

Comments are closed.

Scroll To Top