گورنرسندھ نے 17 ویں عالمی تجارتی و صنعتی میلے کا افتتاح کردیا

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سترہ ویں عالمی تجارتی و صنعتی میلے کا افتتاح کردیا ۔ تین روزہ تجارتی و صنعتی میلہ سولہ نومبر سے اٹھارہ نومبر تک جاری رہے گا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سترہ ویں عالمی تجارتی و صنعتی میلے کا افتتاح کردیا ۔ نمائش میں پاکستان، چین، ایران اور بیلا روس کے اسٹالز لگائے گئے ہیں ۔ اسٹالز پر جدید مشینری، الیکٹرانکس آلات اور دیگر مصنوعات رکھی گئیں ہیں ۔

اس موقع پرگورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ تجارتی و صنعتی میلے کا انعقاد خوش آئند ہے۔ دنیا بھر سے کمپنیاں میلے میں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ میلہ دنیا کو پیغام ہے کہ پاکستان محفوظ ترین ملک ہے۔ پاکستانی صنعت کار اور تاجر میلے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی پاکستان میں بہت ضرورت ہے۔ اس میلے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

گورنر سندھ نے بیلاروس کے سفیر کا شکر یہ ادا کیا اور کہا کہ بیلاروس کے سفیر نے اس میلے کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور کاوشیں کی ہیں۔ کورونا وبا کے متعلق گورنر سندھ نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث کورونا وائرس کنٹرول میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ آخری مراحل میں ہے بسوں ، کیمروں اور دیگر کی ٹیسٹنگ کے بعد اسے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More