سندھ میں گورنر راج نہیں لگایا جارہا ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور کہیں نہیں جارہے، منحرف ارکان کو شوکاز نوٹسز بھیج رہے ہیں اسپیکر ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد فواد چوہدری اور اسد عمر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ ہر صورت تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنایا جائے گا۔حکومتی اتحادی ہمارے ساتھ ہیں جبکہ ان کے بارے میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ایم کیو ایم کے چھوڑ جانے کا کہا جبکہ یہ سب غیر منطقی بات ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ ہاؤس پر دھاوا نہیں بولا جارہا اور نہ ہی گورنر راج لگایا جارہا ہے۔ بلاول اور سعید غنی پریشان نہ ہوں۔ ہمارے ناراض ارکان اسمبلی اگر ٹھنڈے دل سے جائزہ لیں تو ان کے شکوے شکایتیں دور کی جاسکتی ہیں۔ انسان جذبات میں گلے شکوے کرجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک بات گردش کررہی ہے کہ سب ٹھیک ہے لیکن عمران خان ٹھیک نہیں۔ لوگ ابہام دور کرلیں تحریک انصاف میں مائنس ون کی کوئی گنجائش نہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کی پیشکش کی جارہی ہے تاہم سب جانتے ہیں ن لیگ قابل بھروسہ نہیں ہے ۔ پنجاب کابینہ میں اگر ن لیگ کے وزرا کی اکثریت ہوگی تو وزیر اعلیٰ کیا کریں گے؟ ۔پرویز الٰہی کو اچھی طرح جانتا ہوں وہ جذباتی انسان نہیں درست فیصلہ کریں گے۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے پی ٹی آئی وضع دار لوگوں کی سیاسی جماعت ہے۔ ہم نے ہارس ٹریڈنگ کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ منحرف ارکان کو شوکاز نوٹسز جاری کیے جارہے ہیں۔اسپیکر اسمبلی منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کریں گے۔پیر کو ان کے خلاف سپریم کورٹ میں ریفرنس فائل کریں گے۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہاکہ منحرف ارکان کو شوکاز نوٹس دیا جائے گا۔یہ بات واضح ہے کہ کون پاکستان کے ساتھ ہے اور کون خلاف ہے۔ڈرانے کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔یہاں سے جانے کے بعد شوکاز نوٹسز جاری کردیئے جائیں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More