حکومت چھوڑی ہے نہ ہی اپوزیشن جوائن کی، پرویز الہیٰ

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ حکومت چھوڑی ہے نہ ہی اپوزیشن جوائن کی ہے،کہتے ہیں جماعتوں کے اندر مختلف آراء ہوتی ہیں فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔کہا وزیرِ اعظم عمران خان ایماندارہیں اورانکی نیت اچھی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد نے حکومتی اتحادی جماعتوں کوبھی مشکل میں ڈال دیا۔حکومت کا ساتھ دیں یااپوزیشن کا فیصلہ نہ ہوسکا۔حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ حکومت چھوڑی ہے نہ ہی اپوزیشن جوائن کی ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ہم اتحادی ہیں اورالگ جماعت ہیں ۔جماعتوں کے اندر مختلف آراء ہوتی ہیں۔ فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایماندار ہیں اور ان کی نیت بھی اچھی ہے ۔حکومت کا حصہ ہیں ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ عوامی مسائل کی نشاندہی آج نہیں کی پہلے دن سے کر رہے ہیں۔ اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے چلا جائے تو حکومت کا اپنا فائدہ ہے ۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم سیاسی لوگ ہیں سب سے ملاقاتوں کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More