تازہ ترین
پاکستان کو گلوبل اسلامک لیڈر شپ ایوار ڈ سے نواز دیا گیا

پاکستان کو گلوبل اسلامک لیڈر شپ ایوار ڈ سے نواز دیا گیا

اسلام آباد: (14 ستمبر 2020) پاکستان کو اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کی کوششوں کے اعتراف میں گلوبل اسلامک لیڈر شپ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ صدر مملکت عارف علوی نے آج اسلام آباد میں دسویں گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈز کی تقریب میں وصول کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کو گلوبل اسلامک لیڈرشپ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اسلامی مالیاتی نظام کو فروغ مل رہا ہے تاہم ابھی اس کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ پاکستان کے بینکنگ کے شعبے کا 17 فیصد نظام شرعی اصولوں پر تبدیل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں توانائی کے شعبے میں سکوک بانڈ جاری کیے گئے ہیں۔

صدر عارف علوی نے ملک میں اسلامی بینکاری کے فروغ میں مرکزی بینک اور سیکیورٹیز ایکسچینج آف پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اسلامی مالیاتی نظام کے بنیادی اصولوں پر عملدرآمد کرنے پر زور دیا جس سے ہم آہنگی اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ صداقت شفافیت مساوات انصاف اور سماجی ہم آہنگی اسلامی مالیاتی نظام کے بنیادی اصول ہیں۔ اسلامی مالیاتی نظام کا بنیادی مقصد غریب لوگوں کو غربت سے نکالنا ہونا چاہیے۔

اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ مرکزی بینک عوام میں اسلامی مالیاتی نظام سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک کو اسلامی بینکاری کے فروغ پر سال کا بہترین مرکزی بنک بھی قرار دیا گیا ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top