بھارتی حکومت آزادی سے متعلق واقعات پر سیاست سے باز رہے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت آزادی سے متعلق واقعات پر سیاست کرنے سے باز رہے۔ انہوں نے 14 اگست کو ہولناک تقسیم کا یادگاری دن قرار دینے کے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے 14 اگست کو ہولناک تقسیم کا یادگاری دن قرار دینے کے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کا 14 اگست کو ’ہولناک تقسیم کا یادگاری دن‘ منانے کا شرارتی اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔ بھارتی حکومت منافقانہ اور یکطرفہ طور پر 1947ء کے المناک واقعات سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بی جے پی حکومت کا سیاسی ایجنڈا انتہائی افسوسناک ہے اور وہ اپنے سیاسی ایجنڈے سے تاریخ مسخ کرنے کوشش کر رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی تاریخ کی مسخ شدہ تشریح سے عوام کے جذبات سے نہ کھیلے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھا کہ ہندوستانی قیادت کو اذیت اور تکلیف کا اندازہ ہے تو بھارتی مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حالات بہتر کرے۔ تاریخ نے ثابت کیا کہ بھارت کی سیکولرازم کی حمایت ایک دھوکہ تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ آج کا بھارت ایک غیر اعلانیہ ’ہندو راشٹرا‘ ہے۔ ایسا بھارت جہاں دیگر مذہبی اقلیتوں کے لیے کوئی جگہ یا رواداری نہیں۔ بھارتی مسلم آبادی کو امتیازی سلوک اور ظلم و ستم کا سامنا ہے انہیں سیاسی و سماجی طور پر علیحدہ کر دیا گیا ہے۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت آزادی سے متعلق واقعات پر سیاست کرنے سے باز رہے۔ بھارتی حکومت ان لوگوں کی یادوں کا مخلصانہ احترام کرے جنہوں نے بہتر مستقبل کے لیے قربانیاں دیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More