تازہ ترین
سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج ریکارڈ

سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج ریکارڈ

اسلام آباد: (29 جولائی 2020) گزشتہ روز رکھ چڑی سیکٹر میں بھارتی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری سے تین نہتے شہریوں کو زخمی کرنے پر پاکستان نے سینئر بھارتی سفارت کار کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کیا اور ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایل او سی کے پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے آکھوری گاؤں کی فریدہ بی بی بیوہ محمد نذیر، علام بی بی بیوہ اکرم حسین اور سفیر ولد نور دین شدید زخمی ہوئے۔ رواں برس بھارت اب تک جنگ بندی کی 1823 مرتبہ خلاف ورزیاں کرچکا ہے۔ ان خلاف ورزیوں میں 14 نہتے شہری شہید اور 138 زخمی ہوچکے ہیں۔ بھارتی فورسز ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر مسلسل معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔

عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ بھارت کی اشتعال انگزیزی خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ بھارت ایسی حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ بھارت اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے مزید کہا کہ شہری آباد کو نشانہ بنانا 2003ء کے جنگ انتظامات کی سرعام خلاف ورزی ہے۔ نہتے شہریوں کو بے گناہ نشانہ بنانا الاقوامی قوانین کے بھی منافی ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top