تمام بڑی طاقتوں سے متوازن تعلقات چاہتے ہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اس کا خاتمہ تمام ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے۔پاکستان چاہتا ہے دہشت گردی کا خاتمہ ہو۔پاکستان سی پیک منصوبے میں کام کرنے والے چینی باشندوں کے تحفظ بارے آگاہ ہے چینی باشندوں کو بہترین سیکیورٹی فراہم کررہا ہے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا تعلق کسی ایک علاقے یا خطے سے نہیں ہے ۔ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ اس پر بات چیت کے لئے تیار ہے۔پاکستان امریکہ ،روس ،چین سمیت تمام بڑی طاقتوں سے متوازن تعلقات کا خواہاں ہے۔ امریکہ سمیت تمام پاورز سے بامقصد بات چیت چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکہ پر بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے دورہ امریکہ کے دوران دوطرفہ ملاقاتوں کے علاوہ نیویارک میں دو اجلاسوں میں بھی شرکت بھی کی ہے۔ وزیر خارجہ نے سیکورٹی کونسل میں مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی غیرقانونی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی عدالت سے نامور حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کو جعلی مقدمے میں سزا کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور غاصبانہ ہتھکنڈے انتہائی قابل مذمت ہیں۔۔ یاسین ملک کو سزا دینا سوچی سمجھی بھارتی سازش ہے جس کے تحت بھارتی حکومت ان کے عدالتی قتل کی تیاریاں کررہی ہے۔ پاکستان اس گھناؤنے منصوبے کی مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کراچی میں خود کش حملے کے بعد ملک میں مقیم چینی باشندوں کی وطن واپسی کی اطلاعات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ کچھ چینی اساتذہ چین گرمی کی تعطیلات گزارنے گئے ہیں،اساتذہ تعطیلات کے بعد پاکستان واپس آجائیں گے،کسی کو پاک چین دوستی کو خراب کرنے نہیں دیں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More