افغانستان میں کسی کو سپائلر کا کردار ادا نہیں کرنے دیں گے،دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان میں کسی کو سپائلر کا کردار ادا نہیں کرنے دیں گے۔بھارت افغانستان میں مثبت کردار ادا کرے۔ کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کے لئے پاکستان نے مختلف فورمز پر آواز اٹھائی ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھی خط لکھا ہے۔

وزرات خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل عام کیا جارہا ہے ۔دنیا بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لے ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھا ہے۔وزیراعظم کے دورہ ترکی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ ترکی دونوں ملکوں کے مابین بہترین تعلقات کا عکاس ہے وزیراعظم کی ترک صدر سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More