افغانستان میں امن کیلئےپاکستان اورایران ایک پیج پرہیں،شاہ محمودقریشی

تہران: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ 2 روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے۔

امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پاکستان میں ایران کے سفیر محمد علی حسینی، ایران میں تعینات پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی تہران میں ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی ہم منصب کے ساتھ افغانستان اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی،افغانستان میں امن کیلئےپاکستان اورایران ایک پیج پرہیں،خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان اور ایران ملکر کوششیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن سے خطے میں تجارت بڑھےگی افغانستان میں قیام امن خطے کے مفاد میں ہے ،عالمی برادری افغان شہریوں کو درپیش معاشی و انسانی بحران سے نکالنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ،پاکستان، افغانستان کو تجارتی و سرحدی نقل و حرکت میں سہولیات کی فراہمی جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے، ایران کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی مسلسل تائید اور حمایت پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔

ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے شروع کئے گئے علاقائی لائحہ عمل کی تشکیل کے اقدام کو سراہتے ہوئے ایران کی میزبانی میں منعقدہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس میں شرکت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More