ٹک ٹاکرحریم شاہ کا ملکی قانون کو کھلے عام چیلنج، منی لانڈرنگ کا اعتراف

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ٹک ٹاکر فضا حسین المعروف حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ٹک ٹاکر حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں ۔ ایف آئی اے حکام نے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔خط میں نیشنل کرائم ایجنسی سے کارروائی کرنے کی درخواست کی جائے گی ۔

ایف آئی اے کے مطابق ٹک ٹاکر حریم شاہ ویڈیوز میں بھاری رقم برطانیہ منتقل کرنے کا اعتراف کر رہی ہیں ۔ ایف آئی اے نے ٹک ٹاکر کے ویزے ،امیگریشن اور دیگر ضروری سفری دستاویزات کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔حریم شاہ کے خلاف فارن ایکسچینج قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دستاویزات کے تحت فضا حسین المعروف حریم شاہ نے 10 جنوری کی شب قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دوحا، قطر کے لیے سفر کیا تھا۔ایئرپورٹ پر متعین کسٹمز اور ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس سے بھی اس حوالے سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ حریم شاہ نے بھاری رقم کے ساتھ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ویڈیوز اپ لوڈ کی ہیں جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ بڑی تعداد میں غیر ملکی کرنسی پاکستان سے برطانیہ لے کر آئی ہیں۔انہوں نے جو ویڈیوز شیئر کی ہیں ان میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ غیر ملکی کرنسی کی گڈیاں ہاتھوں میں پکڑے ہوئے ہیں۔

ٹک ٹاکر نے جاری کردہ ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ نہ انہیں کسی نے روکا اور نہ ہی کوئی روک سکتا ہے حالانکہ وہ پہلی مرتبہ اتنا بڑا اماؤنٹ لے کر برطانیہ آرہی تھیں۔حریم شاہ نے جاری کردہ ویڈیو میں تلقین بھی کی ہے کہ آپ لوگ اماؤنٹ لاتے وقت خیال کیجیے گا کیونکہ پکڑ لیتے ہیں اور ساتھ ہی کہا کہ انہیں تو کسی نے کچھ نہیں کہا اور وہ بہت آسانی سے اور محفوظ طریقے سے پہنچ گئیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More