مولانا فضل الرحمان کو چوہدری برادران کے فیصلے کا انتظار

لاہور: حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان تحریک عدم اعتماد کو کامیاب کروانے کیلئے متحرک ہیں ۔مولانا فضل الرحمان نے آج لاہور میں مصروف دن گزارا۔آصف زرداری اور شہبازشریف سے ملاقات کے بعد حکومتی اتحادی جماعت ق لیگ کے سربراہان سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور چوہدری بردارن میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق سربراہ پی ڈی ایم سے ہونے والی ملاقات میں سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین،اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی اور دیگر نے شرکت کی ۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں تحریک عدم اعتماد اور ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔مولانا فضل الرحمان نے چوہدری برادران کو ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آپ کے تحفظات بارے آصف علی زرداری حتمی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔

سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت نے کہا کہ مولانا صاحب آپ نے بڑی رونق لگا دی ہے جس کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں آپ کے فیصلے کا انتظار ہے جس کے بعد معاملے کو جلد نمٹالیں گے۔ذرائع چوہدری برادران کے مطابق ق لیگ کے پانچ اور دیگر گیارہ ایم این ایز سے رابطہ ہے۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیاہے ۔چند روز تک مزید سیاسی صورتحال کے مدنظر فیصلہ کرلیں گے ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More