شہبازشریف کی ایک نہیں بلکہ اربوں دھیلے کی کرپشن پکڑی گئی ہے، فرخ حبیب

اسلام آباد:وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی ایک نہیں بلکہ اربوں دھیلے کی کرپشن پکڑی گئی ہے،شہبازشریف اور آصف زرداری کے کیسز انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہیں،ان کے کیسوں کی روزانہ کی بنیاد پرسماعت ہونی چاہیے۔

اسلام آبادمیں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ شہبازشریف کہتے ہیں میں نے دھیلے کی کرپشن نہیں کی ان کی ایک نہیں بلکہ اربوں دھیلے کی کرپشن اور سترہ ہزارٹرانزیکشنز پکڑی گئی ہیں،مقصود چپڑاسی جیسے چودہ ملازمین مزید ہیں جن کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے موجود ہیں،شہبازشریف مختلف حیلوں بہانوں سے 9 بار التواء لے چکے ہیں،ان کے کیسوں کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہیے کیونکہ شہبازشریف اور آصف زرداری کے کیس انصاف کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ،جب کسی طاقتور کو سزا ملے گی تو انصاف کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ جب فرد جرم عائد ہونا ہو تو نئی درخواستیں دائرہوجاتی ہیں،وکیل تبدیل کرلئے جاتے ہیں یہ سسیلین مافیا اور گاڈ فادر ہیں،چوری نہیں کی تو ثبوت عدالتوں میں پیش کریں۔فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ بلاول بینظیر کے بجائے آصف زرداری کا مشن آگے بڑھا رہا ہے ہم سے ساڑھے تین سال کا حساب مانگنے والے،سندھ کے پندرہ سال کا حساب دیں،سندھ میں لوٹ مار کا بازار گرم، اورچوہے اربوں کی گندم کھا گئے ہیں تحریک انصاف سندھ کے عوام کی آواز بنے گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More