پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے اگر چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے،فرخ حبیب

اسلام آباد: حکمراں جماعت تحریک انصاف نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ریکارڈ کا جائزہ لینا شروع کردیا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب کہتے ہیں آٹھ روز تک الیکشن کمیشن میں ان کے اکاؤنٹس کا جائزہ لیں گے۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے اگر چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے، مریم صفدر کو جسٹس قیوم کے ٹیلی فون والے انصاف کی عادت پڑ گئی ہے۔

پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی غیرملکی فنڈنگ کی تحقیقات کے معاملے پر وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی میں پیش ہوئے اور ماہرین کے ہمراہ ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ بعد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اگر ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے چوری نہیں کی تو رسیدیں دکھانے اور تلاشی دینے میں کیا حرج ہے۔

ان کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمن نے کبھی بھی الیکشن کمیشن کے سامنے اپنا حساب نہیں دیا۔ مریم صفدر کو بھی جسٹس قیوم کے ٹیلی فون والے انصاف کی عادت پڑ چکی ہے۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی اب بھاگنے کی تیاری میں ہیں۔

فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی فارن فنڈنگ کیخلاف درخواست دائر کررکھی ہے جس پر ان کو آٹھ دن تک ماہرین کے ہمراہ دستاویزات کا جائزہ لینے کی اجازت دی گئی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More