فیصل آباد میں ٹیکسٹائل ملز میں خوفناک آتشزدگی

فیصل آباد : فیصل آباد کے علاقے عبداللہ پور میں ٹیکسٹائل ملز میں خوفناک آتشزدگی سے کروڑوں مالیت کا کپڑا جل کر راکھ ہو گیا۔ آگ کی شدت بڑھنے سے قریبی گھر بھی لپیٹ میں آگئے، 3 گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

ذرائع کے مطابق فیکٹری میں کام کرنے والے تمام مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا، ریسکیو ٹیموں کو گلیاں تنگ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تاہم آگ اور بڑھتے درجہ حرارت کے باعث قریبی فیکڑی میں موجود بوائلر پھٹنے کا خدشہ ہے۔

ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے کی مسلسل کوششوں میں مصرو ف ہیں تاہم تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔ پھیلتی آگ نےپارکنگ میں کھڑی تین کاروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے وہ جل کر تباہ ہو گئیں۔ آگ قریبی گھروں تک پہنچ گئی جس کے سبب گھروں کو خالی کرانے کے اعلانات کروائے جا رہےہیں۔ حکام نے شہر بھر کی فائر بریگیڈ گاڑیاں طلب کر لیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آگ پر قابو پانے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئےکارلانےکی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے آتشزدگی پر قابو پانے کیلئے ہرممکن اقدام کریں،انتظامی افسران موقع پر امدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کریں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More