الیکشن اگست 2023ء میں ہوں گے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان پر واضح کردیا کہ نہ اب آپ سے مذاکرات ہوں گے اور نہ ہی این آر او ملے گا۔ کہتی ہیں ایک شخص کی ذہنی حالت تشویشناک ہے، انہیں مشورہ دیا تھا کہ سکون کی گولی کھا کر پاکستان کی عوام کو آرام کرنے دیں، الیکشن اگست 2023ء میں ہوں گے، کان کھول کر سن لیں، آپ کی دھمکی میں کوئی نہیں آئے گا۔

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا سابق وزیراعظم عمران خان کی پریس کانفرنس پرسخت ردعمل کا اظہار، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کاکہنا تھا کہ عمران خان چار سال تک کہاں تھے؟، ان کے پاس اقتدار تھا عوام کو ریلیف دیتے، آج عوام ان سے سوال پوچھتی ہے کہ چار سال آپ نے عوام کیلئے کیا کیا عمران خان اپنی ناکامی کا اعلان کرنے کیلئے روز ٹی وی پر آتے ہیں، اس ذہنی حالت میں انہیں ٹی وی پر آنے سے گریز کرنا چاہئے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اگر ان کا احتجاج پرامن تھا تو کیوں تشدد کیا ؟، کیوں پولیس اہلکار شہید ہوئے ؟، املاک کو کیوں نقصان پہنچایا؟، سپریم کورٹ نے انہیں ایچ نائن جلسے کی اجازت دی یہ وہاں اپنی جلسی تک نہیں کر سکے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انہوں نے میٹرو اسٹیشن کو آگ لگائی سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق عمران خان نے پچھلے دھرنےمیں پی ٹی وی پر حملہ کرکے مبارکبادیں وصول کیں، سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں۔

وفاقی وزیراطلاعات عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کے آئین کو توڑا، صدر اور ڈپٹی سپیکر سے آئین کی خلاف ورزیاں کروائیں، اسی آئین شکنی پر عدالتوں کے رات کو دروازے کھلے، سپریم کورٹ نے آئین شکنی کا بھی فیصلہ دیا، اگر آپ دھاوا بولیں گے املاک کو نقصان پہنچائیں گے تو آپ کو احتجاج کا کوئی حق نہیں ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More