الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر تین کمیٹیاں تشکیل دے دی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اورانٹرنیٹ ووٹنگ کے معاملے پر تین کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں ۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق ای سی پی نے ای وی ایم اور انٹرنیٹ ووٹنگ پر تین کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ ای وی ایم مشین اور بیرون ملک ووٹنگ ٹیکنکل کمیٹی سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔کمیٹی کا مینڈیٹ الیکشن پراسس میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجیز کی نشاندہی کرنا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق کمیٹی ای وی ایم مشین اور اوورسیز ووٹنگ کے استعمال کا طریقہ کار کی بھی نشاندہی کرے گی۔ کمیٹی کام کے اسکوپ ،پالیسی ، مشین بنانے کی اسٹریٹیجی ، آر ایف پی کی تیاری اور اس سلسلے میں آئندہ کی ضرورت کی نشاندہی بھی کرے گی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق دوسری کمیٹی ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن کی سربراہی میں بنائی گئی ہے ۔کمیٹی کے مینڈیٹ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم پر آنے والے اخراجات اور الیکشن سے متعلق دیگر امور شامل ہیں۔

دوسری کمیٹی مشینوں کی پائلیٹ ٹیسٹنگ اور مشینوں کے اصل استعمال کے لئے میکانزم الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے گی۔یہ کمیٹی بجٹ ضروریات ،مشینوں کی سٹوریج کے انتظامات پر سفارشات پیش کرے گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائی گئی تیسری کمیٹی ڈائریکٹر جنرل لاء کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔ تیسری کمیٹی موجودہ قوانین کی روشنی میں سابقہ قوانین سے تقابلی جائزہ لے گی۔کمیٹی قوانین میں درپیش مشکلات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گی۔کمیٹی موجودہ قوانین اور رولز میں ترامیم کے لئے اپنی تجاویز و سفارشات مرتب کرے گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More