الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں جبکہ پنجاب کا بلدیاتی ایکٹ چند روز میں منظور ہو جائے گا۔ پنجاب میں ویلج کونسل کا نیا اسٹرکچر آئے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ اچھی بات چیت ہوئی ہے۔ بلدیاتی انتخابات ای وی ایم کے ذریعے ہی ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن درست طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ حکومت بھی الیکشن کمیشن کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھاکہ ایسا نہیں کہ ای وی ایم بہت مہنگی ہو گی اور ای وی ایم ایک ہی بار خریدی جائیں گی ۔ انتخابات بھی مہنگے نہیں ہوں گے اس میں معمول کے اخراجات آئیں گے۔

فواد چوہدری نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ہمیشہ معاملات خراب کرنے کا کردار ادا کرتی ہے ۔سندھ حکومت صحت کارڈ کے معاملے پر پریشان ہے کیونکہ صحت کارڈ کی فراہمی سے وزرا نہیں بلکہ عام آدمی کو فائدہ ہو گا۔

ملک میں دن بدن بڑھتی مہنگائی پر انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ بین الاقوامی مہنگائی کے اثرات ملک پر کم سے کم پڑیں۔ مہنگائی کی صورتحال پر غور کیا جا رہا ہے جس کے باعث مہنگائی میں کمی آ رہی ہے ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے لوگوں نے کبھی اخبار بھی پورا نہیں پڑھا ہو گا اور مسلم لیگ ن کی وجہ سے ہی آج ملک میں مہنگائی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے جب گیس کی وزارت سنبھالی تھی تو اس وقت ایک روپے کا قرضہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) تھکے ہوئے پہلوانوں کا اجتماع ہے ۔ حزب اختلاف کے تحفظات اس لیے دور نہیں ہوئے کیونکہ وہ کرنا ہی نہیں چاہتے۔ انہیں کہتے ہیں آئیں ہمیں اپنی تجویز دیں لیکن حزب اختلاف چاہتی ہی نہیں کہ نظام میں بہتری آئے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More