قائد اعظم محمد علی جناح کی آج 74ویں برسی بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے


مملکت ِخداداد پاکستان کے بانی اورہردل عزیزرہنماء قائد اعظم محمد علی جناح کی آج 74ویں برسی بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

آج قائد اعظم محمد علی جناح کی 74ویں برسی کے موقع پر قائم مقام گورنر سندھ، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے ارکان آج مزار قائد پر حاضری دیں گے۔ تینوں مسلح افواج کے نمائندے، ڈی جی رینجرز سندھ، ایڈمنسٹریٹر کراچی بھی مزار پر حاضری دیں گے۔ مزار قائد پر حاضری اور تقریب کے بعد مزار کو عام شہریوں کی حاضری کیلئے دن 11 بجے کے بعد کھولا جائے گا۔

قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کی کوششوں سے پاکستان معرض وجود آیا۔ قائد اعظم قیامِ پاکستان کے بعد 11 ستمبر 1948 کو اپنی وفات تک ملک کے پہلے گورنر جنرل رہے۔

آج کا دن ایک ایسے عظیم قائد کی یاد دلاتا ہے کہ جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 74 ویں یوم وفات کے موقع پر مختلف تقریبات میں بانی پاکستان کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے حصول کی جدوجہد میں محمدعلی جناحؒ کے قائدانہ کردار کو اجاگر کرنے کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگراموں اور قومی و علاقائی اخبارات میں خصوصی اشاعتوں کا اہتمام کیا گیا۔

قائد اعظم محمد علی جناح کی پیدائش 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں ہوئی،قائد اعظم شعبہ کے اعتبار سے نامور وکیل اور سیاستدان تھے، انہوں نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور مسلمانوں کےلئے ایک الگ وطن کے حصول کی جدوجہد شروع کردی۔ وہ قیام پاکستان کے ایک سال بعد 11 ستمبر 1948ءمیں انتقال کر گئے تھے، یہ دن ایک ایسے عظیم قائد کی یاد دلاتا ہے کہ جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا،بابائے قوم کے یوم وفات کے سلسلے میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں سیمینارز، مذاکروں اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

قائد اعظم کی وفات کے 74سال بعد بھی ا ن کی وفات کے موقع پر ہزاروں افراد کی ان کی لحد پر حاضری اورشہرشہرمنعقد ہونے والی تقریبات اس امر کی گواہی دیتی ہیں کہ پاکستانی قوم ان سے آج بھی والہانہ عقیدت رکھتی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More