کابینہ کی تشکیل کیلئے اتحادیوں کی مشاورت

اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کی تشکیل کے لیے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت شروع کردی۔ کابینہ میں مسلم لیگ نون کے بارہ وزراء اور پیپلز پارٹی کے سات وزراء شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔

ذرائع کے مطابق نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کی تشکیل کے لیے اتحادیوں سے مشاورت کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ کابینہ میں مسلم لیگ ن کے 12وزراء اور پیپلز پارٹی کے 7 ، جے یو آئی ف کو 4، ایم کیو ایم کو 2 اور بی این پی مینگل، اے این پی، جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کو ایک ایک وزارت دی جا ئے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ خواجہ آصف، سعد رفیق، خرم دستگیر، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، شائستہ پرویز ملک، رانا ثنا ء اللہ اور مرتضیٰ جا وید عبا سی کی کابینہ میں شمولیت کا امکان ہے جبکہ محسن داوڑ، اسلم بھوتانی اور طارق بشیر چیمہ کی بھی کابینہ میں شمولیت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق سینیٹ میں قائد ایوان کے لیے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا نام زیر غور ہے۔پیپلز پارٹی سینیٹ سے شیری رحمان یا مصطفیٰ نواز کھوکھر میں سے ایک کو وزارت دے گی جبکہ بلاول بھٹو زرداری وزیر خارجہ، شازیہ مری کا نام بھی زیر غور ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کا گورنر پیپلز پارٹی اور سندھ کا گورنر ایم کیو ایم سے بنایا جا سکتا ہے ۔ جے یو آئی نے بلوچستان یا کے پی میں سے ایک گورنر کا عہدہ مانگ لیا۔ملک احمد خان، عطا تارڑ، حنیف عباسی کو مشیر بنائے جانے کا امکان ہے۔قومی اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے کے لیے خورشید شاہ یا نوید قمر جبکہ ڈپٹی سپیکر بی این پی یا بی اے پی سے لیا جائے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More