آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور ہیڈ کوارٹر کراچی کا دورہ

کراچی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈکواٹر کراچی کا دورہ کیا، سپہ سالار کو آپریشنل امور پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈکواٹر کراچی کا دورہ کیا۔ کراچی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے سپہ سالار کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کو فارمیشن کے آپریشنل امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، صوبے خصوصاً کراچی کی سیکیورٹی صورتحال بھی بریفنگ کا حصہ تھی۔

آرمی چیف نے کور کی آپریشنل تیاریوں اور اندرونی سلامتی کو یقینی بنانے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فارمیشن کی خدمات، قربانیوں، دہشت گردی اور جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کے لئے فارمیشن اور سندھ رینجرز کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہیڈ کوارٹرز سندھ پولیس کا بھی دورہ کیا اور یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

آرمی چیف نے صوبائی سکیورٹی صورتحال میں بہتری کو یقینی بنانے میں سندھ پولیس کے اہم کردار کو سراہا، شہدا کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی اور شہداء اور لواحقین کی لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا جبکہ لواحقین کو پاک فوج کی ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More