وزیراعلیٰ پنجاب کا غذائی قلت پوری کرنے کیلئے بلوچستان کو گندم فراہم کرنیکا اعلان

وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے غذائی قلت پوری کرنے کے لیے بلوچستان کو گندم فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں کہ گندم کی قلت کے باوجود ہم جذبہ ایثار کے تحت بلوچستان کے بہن بھائیوں کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

ایوان وزیر اعلی لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے بلوچستان کے وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے ملاقات کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بلوچستان کے بہن بھائیوں کیلئے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں گندم کی شدید قلت پر بہت تشویش ہے۔ بلوچستان چھوٹا بھائی ہے اور پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ پنجاب حکومت بلوچستان کو 64ہزار 500میٹرک ٹن گندم کاسٹ ریٹ پر فراہم کرے گی۔

چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پنجاب میں گندم کی کمی کے باوجود ہم بھائی چارے اور جذبہ خیر سگالی کے تحت بلوچستان کیلئے گندم مہیا کر رہے ہیں۔ وزیر خوراک بلوچستان زمرک خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے حقیقی معنوں میں بڑے بھائی کاحق ادا کیا ہے۔ بلوچ بہن بھائی وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے جذبہ ایثار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More