اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی اکیسویں صدی کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔پاکستان کوغیر معمولی درجہ حرارت اور شدید خشک سالی کا سامنا ہے۔
ماحولیات کے عالمی دن پراپنے پیغام میں وفاقی وزیر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ نہ صرف پاکستان اور جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا ماحولیتی تبدیلی کے غیر معمولی اثرات سے متاثر ہو رہی ہے۔ہم بطور پاکستانی عالمی موسمیاتی ایمرجنسی کے صف اول میں کھڑے ہیں۔
ان کا کہناتھاکہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جن کو ماحولیاتی تبدیلی کے شدید اثرات اور خطرات لاحق ہیں۔ ہمیں غیر معمولی درجہ حرارت اور شدید خشک سالی کا سامنا ہے، جنگلات جل رہے۔گلیشیئر پگل رہے اور دریا خشک ہو رہے ہیں، وزیر ماحولیات نے عوام پر زوردیا کہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتی جائے۔