چین ہر مشکل میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، پرویز الہیٰ

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ہر مشکل گھڑی میں چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔چین کشمیر اور دیگر امور پر پاکستان کے اصولی موقف کی دنیا بھر میں سفارتی سطح پر کھل کر حمایت کرتا ہے۔

چینی قونصل جنرل ثوا شریں نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے چیمبر میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے چویدری پرویز الہی کو چین میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چائنا کے قونصل جنرل سے گفتگو میں کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں چاہے وہ جنگ ہو یا قدرتی آفات چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔پاکستان اور چین میں دو طرفہ مضبوط تعلقات،بھائی چارے اور برسوں کی دوستی کے رشتہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔یہ دوستی حکومتوں کے درمیان نہیں بلکہ عوام کے درمیان ہے۔ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لہٰذا اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل ہونا چاہئے۔اس منصوبے کی وجہ سے پاکستان کو نہ صرف خطہ میں بلکہ عالمی سطح پر بھی مزید اہم حیثیت حاصل ہو چکی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More