آرمی چیف سے ایرانی فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی فضائیہ کے سربراہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل پائلٹ حامد واحدی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے امور زیر غور آئے ۔

ایرانی فضائیہ کے سربراہ سے گفتگو میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے۔آرمی چیف نے علاقائی استحکام کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں جانب سے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ایرانی فضائیہ کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور بارڈر مینجمنٹ کے موثر اقدامات کو بھی سراہا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More