حضرت محمد ﷺ کے اسوہ حسنہ پہ عمل پیرا ہو کر ہی دین و دنیا میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے، چوہدری سرور

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نےکہا ہے کہ آج کے دن حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم تمام انسانیت کے لیے رحمت بن کے آئے۔نبی آخر زماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اسوہ حسنہ پہ عمل پیرا ہو کر ہی دین و دنیا میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر پنجاب نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ نے برداشت، عدل اور انصاف پہ مبنی معاشرہ کی بنیاد رکھی ، حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم ان کی تعلیمات پہ عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے امن، اخوت، انسانیت، مساوات، برداشت، عفو، درگزر اور عدل، انصاف کا درس دیا۔ مسلمان عشق ِ محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو دین کی بنیاد اور ختم نبوت کو نجات کی راہ او ر ایمان سمجھتے ہیں،نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات نے بتوں کے غرور اور ظلم و ستم کے ناخداؤں کے تکبر کوہمیشہ ہمیشہ کے لیے نیست و نابود کردیا۔

چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ آج کے دن یہ عہد کرنا ہے کہ ہمیں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے ابدی پیغام انسانوں سے محبت ، ظلم سے نفرت اور مظلوموں کی ڈھارس بننا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More