کیش وین لوٹنے کے ملزم نے عدالت میں اعتراف جرم کرلیا

کراچی: میٹھادر میں کیش وین سے 20 کروڑ لوٹنے کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے،کیش وین کے ڈرایئور مرکزی ملزم حسین شاہ نے عدالت میں اعتراف جرم کرلیا۔ ملزم حسین شاہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو دفعہ 164 کے تحت اقبالیہ بیان ریکارڈ کروایا۔ ملزم حسین شاہ نے اقبالیہ بیان میں کیش وین لوٹنے کی ذمہ داری دوسرے ملزمان پر عائد کردی۔

ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ میرے ساتھی میرے حصے کی رقم بھی ہڑپ کرگئے،ذوالفقار، حنیف اللہ، سلام اللہ، امین، عابد اور شیراز واردات سے ایک روز قبل ملے، واردات کے روز سپروائزر نے گاڑی سٹی اسٹیشن برج کے پاس پارک کرنے کو کہا، گاڑی میں اے سی نا چلنے کی وجہ سے گاڑی کا دروازہ کھولا ہوا تھا، ذوالفقار اور دیگر لوگ بھی ہائی روف میں سٹی اسٹیشن برج کے پاس موجود تھے، ذوالفقار اور حنیف اللہ میرے پاس آئے اور اسلحہ دکھا کر کیش کا پوچھا، میری تصدیق پر وہ لوگ گاڑی میں بیٹھے اور ہم مسکین گلی گئے، مسکین گلی میں کیش وین سے رقم ہائی روف میں منتقل کی، مسکین گلی سے ہم منگھوپیر میں ذوالفقار کی بہن کے گھر گئے،لوٹی ہوئی رقم ذوالفقار، حنیف اللہ، عابد، سلمان، امین اور میں نے آپس میں تقسیم کی۔

رقم کے بٹوارے کے بعد مجھے کہا کہ اپنا حصہ خود نا لیکر جاؤ، میرے بھائی تک حصہ پہنچا دیں گے، واردات کے بعد میں حنیف اللہ اور عابد کے ہمراہ پشاور چلا گیا، بھائی مدثر نے بتایا کہ حصہ مل گیا لیکن رکھنے کی جگہ نہیں تھی تو شیراز کے پاس رکھوائے، شیراز نے میرے حصے کی رقم نہیں دی اور میرا حصہ بھی ہڑپ کرگیا۔

مقدمے میں میرے والد کو بھی گرفتار کرلیا گیا، گھر والوں کے دباؤ پر خود کراچی آکر پولیس کو گرفتاری دی، اقبالیہ بیان کے بعد عدالت نے ملزم حسین شاہ کو عدالتی کسٹڈی پر جیل بھیج دیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More