او آئی سی اجلاس طالبان کیلئے ہو رہا ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں منعقد او آئی سی سے متعلق کہا ہے کہ اوآئی سی اجلاس کیلئے آنےوالے ہمارے معزز مہمان ہیں۔ لیکن یہ اجلاس پاکستان کیلئے نہیں افغانستان کیلئے ہو رہا ہے۔ یہ کانفرنس طالبان کے لیے بلوائی جارہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکمراں جماعت کا کام کشمیر کاز کو سبوتاژ کرنا تھا۔ اورحکومت کو یہ ٹاسک دیا گیا تھا کہ ملک کی خودمختاری کو نقصان پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے سی پیک، ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ شروع کیا اور وزیرا عظم عمران خان کا کام ہی یہ تھا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرو اور آپ نے یہ کیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم آپ کی فارن فنڈنگ کیس کی کرپشن کا حساب مانگ رہے ہیں۔ آپ کو معاشی پالیسی اور کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔ اب آپ کو ہر چیز کا حساب دینا ہوگا۔ آپ کے پاس ہر ادارہ تھا 3سال میں کیوں کسی کے خلاف کرپشن کا ثبوت پیش نہیں کیا۔ آپ کے پاس نیب اور ایف آئی اے تھا کیوں کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ منحرف ممبران کو سندھ ہاؤس منتقل کیا گیا تو وفاقی وزرا نے پروپیگنڈاشروع کر دیا۔ سب نے دیکھا عمران خان نے پارلیمٹ لاجز پر حملہ کیا۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ بزدل عمران خان کو پہلے دن سے شکست نظر آرہی ہے۔ عمران خان نے آئین توڑا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے آئین پاکستان پر عمل نہیں کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے آج 14 دن گزرنے کے باوجود سیشن نہیں بلایا۔ عمران خان نے اپنے اسپیکر سے آئین کی خلاف ورزی کرائی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More