تازہ ترین
اسلام آباد کی طرف نکلے تو آدھے راستے میں ہی حکومت گر جائے گی، بلاول بھٹو

اسلام آباد کی طرف نکلے تو آدھے راستے میں ہی حکومت گر جائے گی، بلاول بھٹو

لاہور: (28 جولائی 2020) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر اسلام آباد کی طرف نکلے تو آدھے راستے میں ہی حکومت گر جائے گی۔ جبکہ شہباز شریف نے قیادت کا بوجھ بلاول کے کندھو ں پر ڈالنے کا عندیہ دے دیا۔

لاہور ایک بار پھر سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا جہاں حکومت کے خلاف نئے محاذ کیلئے اپوزیشن کی بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان سے ملنے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف سے ملاقات میں اے پی سی اور حکومت کے خلاف حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی اور مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں کہ اب عمران خان اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں نیب آرڈیننس اور ایف اے ٹی ایف پر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گی۔ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر ہیرو بننے والے کلبھوشن کو ریلیف دینے پر کیوں خاموش ہیں؟

چیئرمین پیپلزپارٹی نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن اسلام آباد کی جانب نکلی تو آدھے رستے میں ہی حکومت گر جائے گی۔ جبکہ شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو تھپکی دیتے ہوئے قیادت کا بوجھ انکے کندھوں پر ڈالنے کا عندیہ دیا۔

دونوں جماعتوں کے سربراہان نے اتفاق کیا کہ عید کے بعد رہبر کمیٹی اے پی سی کے ایجنڈے کا تعین کرے گی۔

Comments are closed.

Scroll To Top