زبردستی ای وی ایم مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری

پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا زبردستی ای وی ایم مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، ہم صاف اورستھرا الیکشن چاہتے ہیں، ای وی ایم کو رد کرتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے نام پر اوورسیزپاکستانیوں سے گیم کھیلا جارہا ہے، اوورسیزپاکستانیوں کے نمائندے پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ حکومت کون ہوتی ہے از خود دہشتگردوں سے مذاکرات کرنے والی، مذاکرات کیلئے پارلیمان کواعتماد میں لینا چاہیے، دہشت گردوں سے بات چیت کوتسلیم نہیں کریں گے۔

پشاور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس میں ملوث دہشت گردوں کے ساتھ حکومت چھپ چھپ کرمذاکرات کر رہی ہے، صدر، وزیراعظم، وزیرخارجہ دہشت گردوں سے مذاکرات کا اعلان کر رہے ہیں، یہ کون ہوتے ہیں ازخود دہشت گردوں سے مذاکرات کرنے والے؟ دہشت گردوں سے بات چیت کوتسلیم نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی بہادرعوام نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، دنیا افغانستان میں ناکام ہوئی، خیبرپختونخوا کی پولیس، افواج، ایف سی نے ملکر دہشت گردوں کو شکست دی، سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان کے شہدا اور عوام کی بہادری کوسلام پیش کرتا ہوں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت جمہوری، انسانی ،معاشی حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے، آپ ہمارا ساتھ دیں ہم ان کی ساری سازشوں کوناکام کروائیں گے، عمران سرکار،آئی ایم ایف کی غلامی کررہی ہے، پی ٹی آئی حکومت ہرماہ پٹرول کی قیمتوں کوبڑھانے کا اعلان کر چکی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ماہانہ اضافے کورد کرتے ہیں۔ آنے والے دنوں میں گیس نہیں ہوگی حکومت کی نالائقی کی مذمت کرتے ہیں، کب تک ان کی نالائقی کا بوجھ اٹھائیں گے، مطالبہ کرتے ہیں عوام دشمن آئی ایم ایف ڈیل سے نکلو۔

پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ یہ ایسی قانون سازی کررہے ہیں پاکستان کے اسٹیٹ بینک پاکستان نہیں عالمی اداروں کا غلام ہو گا، مرکزی بینک کو عالمی مالیاتی ادارے کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، اسٹیٹ بینک قوانین کورد کرتے ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ شہید جمہوریت محترمہ شہید کی جماعت کا یوم تاسیس مبارک ہو۔سلیکٹڈ نے کہا تھا پیپلزپارٹی کا جلسہ پشاورمیں نہیں ہوگا، انتظامیہ نے جلسے کی اجازت نہیں دی، دیکھ لوسلیکٹڈ پورے کا پورا پشاورجلسے میں موجود ہے، کاغذی وزیراعلیٰ کوپشاورکی عوام نے رد کردیا ہے۔ جیالوں نے بھٹو،بی بی شہید کوکبھی مایوس نہیں کیا تھا، آج آپ نے اکٹھے ہوکرثابت کردیا ہے مجھے بھی مایوس نہیں کریں گے۔ قائد عوام نے کہا تھا اگربہادرپشتون ساتھ ہو تو پھر کوئی راستہ نہیں روک سکتا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More