لاہور: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہناہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی۔ پنجاب کے اس دل لاہور شہر کوجیتنا ہے۔ ماضی میں جس گھر پر پی پی پی کاپرچم لہرایا اسی پر دوبارہ لہرائیں گے۔
پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو سے لاہور میں پی ٹی آئی،ن لیگ، جماعت اسلامی،ق لیگ اورجمعیت علماپاکستان سے پی پی میں شامل ہونے ولے لوگوں نے ملاقات کی ۔
بلاول بھٹو نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جس نے کبھی بھی جئے بھٹو کا نعرہ لگایا، اس کو اپنے ساتھ ملائیں گے۔ آج بھی روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ اتنےہی معنی رکھتا ہے کہ جتنا 70 کی دہائی میں اہم تھا۔پی پی نے ماضی میں پنجاب کے عوام کو روزگار اوررہائشی اسکیموں کےذریعے گھر دئیے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا ہماری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں ہے۔ ہمارا مسئلہ عوام کے بنیادی حقوق ہیں ۔ پیپلزپارٹی حکومت کرنے کے لئے نہیں بلکہ عوامی خدمت کے لئے سیاست کرتی ہے۔