توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے توانائی بچت کے لیےصوبے بھر میں شاپنگ مال، بازار اور کاروباری مراکز رات 9بجے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ہفتے کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دینے اور عید کی شاپنگ کے لیے اوقات کار کی پالیسی کا دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے صوبہ بھر کے تاجر رہنماؤں اور نمائندوں کی ملاقات کی، تاجر برادری نے توانائی بحران میں حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر ہونے والی مشاورت کے بعد شادی ہالز رات 10 بجے تک کھل سکیں گے اور ہفتے کو تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی جبکہ ریسٹورنٹس رات ساڑھے11بجے تک کھلے رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میڈیکل سٹورز پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا جبکہ عید کی شاپنگ کے لیے اوقات کار کی پالیسی کا تاجر برادری سے مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا۔

تاجر برادری کا کہنا ہے کہ قومی مفاد کے فیصلوں پر حکومت کے ساتھ ہیں، بچت پلان پر عمل درآمد سے بجلی اور پٹرول بچے گا،عوام کم سے کم بجلی استعمال کریں کیونکہ اس وقت پٹرول اور بجلی بچانا قومی فریضہ ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More