معروف اداکارہ بابرہ شریف آج اپنی 67 ویں سالگرہ منا رہی ہیں

لالی وڈ کی معروف اداکارہ بابرہ شریف آج اپنی 67 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ انیس سو تہتر سے فنی کیریئر کا آغاز کرنےوالی نٹ کھٹ اداکارہ نے اپنے ہر کردار کو بخوبی نبھایا۔ بابرہ شریف نے ایک سو پچاس سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ منفرد اداکاری کے باعث ان کو نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

بھولی بھالی سی اداکارہ بابرہ شریف نے دس دسمبر انیس سو چون کو لاہور میں آنکھ کھولی۔ لالی وڈ میں اپنی دلنشین اداؤں کے باعث کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی بابرہ شریف نے اداکاری کا سلسلہ انیس سو تہتر میں پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈرامہ “کرن کہانی” سے شروع کیا۔ بابرہ شریف نے پاکستانی فلم انڈسٹری میں فلم انتظار سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا لیکن فلم میرا نام ہے محبت میں بہترین اداکاری نے بابرہ شریف کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔

بابرہ شریف نے اپنے تئیس سالہ فنی کیرئیر میں پیار کا وعدہ، منزل، حق مہر، خدا اور محبت، سلاخیں، دامن، گریبان اور گھائل سمیت ایک سو پچاس سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ چاکلیٹ ہیرو وحید مراد، شہنشاہ جذبات محمد علی اور سلطان راہی سمیت بابرہ شریف اپنے دور کے نامور اداکاروں کے ساتھ جلوہ گر ہو کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔۔

نازیہ حسن کے البم پر بنائی گئی فلم ڈسکو دیوانے میں گلیمرس گرل کے طور پر جلوہ گرہونےوالی بابرہ شریف نے اپنی مقبولیت کے عروج پر ہی فلمی دنیا کوخیرباد کہہ دیا تھا۔ ستر اور اسی کی دہائی میں اس کامیاب اداکارہ نے آٹھ نگار ایوارڈ حاصل کیے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More