مسلح افواج کوسیاسی گفتگومیں گھسیٹنےکی کوششیں کی جارہی ہیں ،آئی ایس پی آر

اسلام آباد: آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اوراسکی قیادت کوسیاسی گفتگومیں گھسیٹنےکی کوششیں کی جارہی ہیں۔ مسلح افواج کوغیرقانونی اورغیراخلاقی عمل میں شامل کرناسختی سےمنع ہے۔ توقع ہےکہ سب قانون کی پاسداری کریں گے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق گذشتہ کچھ عرصے سے ملک میں جاری سیاسی گفتگو اورمباحثوں میں پاکستان کی مسلح افواج اور ان کی قیادت کو دانستہ طور پرگھسیٹنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ مسلح افواج کے ساتھ ساتھ ان کی اعلیٰ قیادت کے حوالے سے براہ راست، واضح اور مختلف حوالوں سے باتیں کی جارہی ہیں۔جس میں عوامی فورمز اور سوشل میڈیا سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر کچھ سیاسی شخصیات، بعض صحافی اور تجزیہ کار شامل ہیں۔ ان سیاسی مباحثوں اور گفتگو میں غیر مصدقہ، ہتک آمیز اور اشتعال انگیز بیانات اورریمارکس مسلح افواج اور ان کی اعلیٰ قیادت کے بارے میں دیئے جارہے ہیں، جو کہ انتہائی نقصان دہ ہیں، پاکستان کی مسلح افواج ایسے غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل کا حصہ نہیں ہوسکتیں۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیاہے کہ فوج اور اس کی قیادت کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، اسے سیاست میں گھسیٹنا غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے، ایسے غیر مصدقہ اشتعال انگیز بیانات سے اجتناب بہت ضروری ہے۔ مسلح افواج اور اس کی قیادت توقع کرتی ہیں کہ سب افراد قانون کی پاسداری کریں اور مسلح افواج کو ملک کے بہترین مفاد میں سیاسی گفتگو سے دور رکھیں ۔۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More