ایشین ہاکی چیمپینز ٹرافی، پاکستان نے بنگلادیش کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

ڈھاکہ: ایشین ہاکی چیمپینز ٹرافی میں پاکستان نے میزبان بنگلادیش کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

ڈھاکا میں جاری ایشین چیمپینز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف پہلے کوارٹر میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، 13ویں منٹ میں ایک گول کی برتری بھی حاصل کرلی، لیکن اگلے ہی منٹ میں ندیم احمد نے گول بنا کر مقابلہ برابر کر دیا۔

پھر دوسرے کوارٹر میں ٹیم پاکستان نے حریف ٹیم کے گول پر متعدد حملے کرتے ہوئے پے در پے 3 گول داغ دیے۔

تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان ٹیم اٹیک کرتی رہی اور مزید دو گول کر دیے جبکہ میزبان ٹیم نے بھی ایک گول بنایا، لیکن میچ پاکستان نے چھ دو سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، ندیم احمد اور اعجاز احمد نے دو دو گول بنائے۔

واضح رہے کہ یہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2021 میں پاکستان کی پہلی کامیابی ہے اور اس کے ساتھ ہی قومی ٹیم نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بھی بنالی۔ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جنوبی کوریا سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور جاپان کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More