بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کاریلیف آپریشن جاری

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک آرمی اور ایف سی بلوچستان کا سول انتظامیہ کے ساتھ ملکر ریلیف ریسکیوآپریشن جاری ہے۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے ہزارہ ٹاؤن کا دورہ کرکے سیلابی صورتحال اور ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔

کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے ہزارہ ٹاون کا دورہ کیا ۔آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل امیر اجمل ، کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمن بلوچ، ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر ناصر، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ، رکن مرکزی کونسل داود چنگیزی اور ہزارہ برداری کے دیگر معزیزین بھی موجود تھے۔

کمانڈر 12 کور نے ہزارہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور لوگوں میں گھل مل گئے- انہوں نے علاقے کے درپیش مسائل اور حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے متعلق آگاہی حاصل کی اور ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر انہوں نے علاقہ مکینوں سے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو پاک فوج کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور مشکل کی اس گھڑی میں عوام انتظامیہ کو ہمیشہ اپنے درمیان پائے گی۔

کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفورنے اس عزام کا اعادہ کیا کہ پاک فوج سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔جبکہ کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا ان کا کہنا تھا کہ کرخسہ ڈیم محفوظ ہے انتظامیہ پوری طرح سے الرٹ ہے۔

کوئٹہ میں مسلسل بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا رہا تاہم انتظامیہ نے صورتحال پر بہتر انداز میں قابو پایا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More