فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی : ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اس معاملے پر غیر ضروری بحث نہ کی جائے، یہ ہی ہم سب کے لیے اچھا اور بہتر ہے۔

افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہےاور وہ مزید موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ 9 مارچ کو بھارتی حدود سے ایک چیز پاکستان میں داخل ہوئی تھی۔ پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔پاکستان ایئر فورس نے اس چیز کی مکمل مانیٹرنگ کی ہے۔ اس کی کوئی بھی وجہ ہے اس کی وضاحت بھارت کو دینی ہے۔ہم اس واقعے پر کسی قسم کی اشتعال انگیزی نہیں کررہے۔

میجرجنرل بابر افتخارنے کہا کہ جس وقت وہ چیز بھارت سے پاکستانی حدود میں داخل ہوئی وہ ممکنہ طور پر غیر مسلح تھی۔پاکستانی فضائی حدود میں یہ چیز 3 منٹ چند سیکنڈ موجود رہی تھی جبکہ نشاندہی اور رسپانس کا وقت بالکل درست رہا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی چیز کسی حساس جگہ پر نہیں گری۔ بھارت کے زیر استعمال ٹیکنالوجی ناقص ہے اور اس پر انہیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔اڑنے والی چیز گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More