فوج اور عدلیہ سیاسی صورتحال کا مستقل حل نکالیں، چوہدری شجاعت

لاہور: مسلم لیگ ق کے صدرچوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملک کے اندر جو موجودہ حالات ہیں اس طرح پہلے کبھی نہیں دیکھے۔حکومتی طاقتیں اور سیاسی جماعتیں جس طرف جا رہی ہیں اس سے ملک میں افراتفری اور لاقانونیت بڑھے گی۔دو بڑے سلامتی کے ضامن ادارے عدلیہ اور فوج کو مل بیٹھ کر ان مسائل کا مستقل حل نکالنا چاہئے۔

سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے ملکی صورتحال پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات انتہائی سنگین ہوگئے ہیں۔بڑھتی قیمتوں سے عام آدمی کا جینا تو پہلے ہی مشکل ہے یہ نہ ہو مرنا بھی مشکل ہو جائے۔سارا ملک بند ہونے کی وجہ سے اشیاء خورونوش کی شدید کمی کا خدشہ ہے۔آمدورفت کا نظام مفلوج ہے ۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی صورتحال کو غور سے دیکھا جا رہا ہے۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تاریخ دوبارہ نہ دہرائی جائے۔پولیس شیلنگ بند کرے اس سے گلی محلوں میں رہنے والے بھی اذیت کا شکار ہیں۔

قاف لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ پولیس عام آدمی کو تحفظ اور رکاوٹوں کی وجہ سے ایمبولینس اور جنازوں کو نکالنے کا راستہ فراہم کرے۔جو بھی قافلے گزریں یا جائیں گجرات کے پارٹی رہنما ان کیلئے پانی اور کھانے کا انتظام کریں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More