کراچی پریس کلب میں ملک کے پہلے ڈیجیٹل اسٹوڈیو کا قیام عمل میں آگیا

کراچی: وفاقی وزارت آئی ٹی کے تعاون سے کراچی پریس کلب میں ملک کے پہلے ڈیجیٹل اسٹوڈیو کا قیام عمل میں آگیا، پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک صحافی بھی اسٹوڈیو سے جدید سہولیات مفت حاصل کرسکیں گے۔

کراچی پریس کلب میں ڈیجیٹل اسٹوڈیو کا افتتاح وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے ایک پروقار تقریب میں کیا۔ اس موقع پر ممبرآئی ٹی سید جنید امام، کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری رضوان بھٹی نے ڈیجیٹل اسٹوڈیو کے قیام کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر امین الحق نے بتایا کہ کراچی پریس کلب میں ڈیجیٹل اسٹوڈیو کے قیام سے امید ہے کہ صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں مزید آسانیاں فراہم ہوں گی۔ اسٹوڈیو میں ٹی وی جرنلزم کی تمام سہولیات صحافیوں کو مفت دستیاب ہوں گی۔

امین الحق نے بتایا کراچی میں آئی ٹی پارک منصوبہ 31 ارب روپے کی لاگت سے شروع کیا جارہاہے ۔کراچی یونیورسٹی کے اشتراک سے شیخ زید اسلامک یونیورسٹی کی عمارت میں 2 ارب روپے کی جدید ترین تھری ڈی اینیمیشن اور گرافکس انسٹیٹیوٹ بھی قائم کیا جارہا ہے ۔ وزارت آئی ٹی کے ڈی جی اسکلز پروگرامز میں سندھ بھر سے 4 لاکھ 52 ہزار 994 افراد خود کو رجسٹرڈ کرواچکے ہیں ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More