کالعدم تنظیم کے فرانسیسی سفیر کی بے دخلی کے علاوہ تمام مطالبات مان لیے، شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے فرانسیسی سفیر کی بے دخلی کے علاوہ تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کاکہنا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک ڈی جی آئی ایس آئی رہیں گے۔ افواہوں کا طوفان آج ختم ہو گیا۔ وزیراعظم اورافواج پاکستان ایک پیج پر ہیں۔

کالعدم تنظیم کے احتجاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک میں امن اور استحکام چاہتے ہیں۔ کالعدم تنظیم کے فرانسیسی سفیر کی بے دخلی کے علاوہ تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں۔ کالعدم جماعت کے ساتھ رابطے میں ہوں۔ملک اور اسلام کی خاطرتوقع کرتا ہوں وہ پاکستان کی بہتری کا سوچیں گے۔ پر امید ہوں کہ کوئی بدمزگی نہ پھیلے گی ۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ کالعدم تنظیم نے راستے کھولنے کا وعدہ کیا تھا۔ منگل کی رات بارہ بجے تک راستے کھولنے کا طے پایا تھا۔ آج رات دوبارہ کالعدم تنظیم سے مذاکرات کروں گا، امید ہے وہ لوگ وعدے کے مطابق سڑک خالی کر دیں گے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگرمعاملہ پارلیمنٹ میں لیکرجائیں گے توپھراپوزیشن مل جائے گی اورمسئلہ پیدا کرے گی۔ کالعدم تنظیم کے ساتھ مذاکرات کی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔ اسلام اورپاکستان اکٹھے ہیں۔ پاکستان کلمے کی بنیاد پربنا ہے۔ لیبیا، عراق، یمن،شام جیسی کوئی بدامنی نہیں چاہتے۔ ایسی کوئی بدامنی نہیں چاہتے جس سے پاکستان کی سالمیت،معیشت پرخوفناک اثرپڑے۔ایک نکاتی ایجنڈے پرکالعدم ٹی ایل پی غورکرے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More