قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب، عسکری حکام بریفنگ دینگے

اسلام آباد: قومی اسمبلی اور سینٹ ممبران پر مشتمل قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے ۔ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت 8 نومبر قومی اسمبلی ہال میں ہو گاجس میں عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کے موجودہ امور پر بریفنگ دی جائے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی اور سینٹ ممبران پر مشتمل قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس8 نومبر دن 11 بجے قومی اسمبلی ہال میں ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے قومی سلامتی کی پارلیمانی کے اجلاس بلانے کے لیے نوٹس جاری کردیا گیا ہے ۔

اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ،مولانا اسعد محمود، چوہدری طارق بشیر چیمہ،جی ڈی اے سے غوث بخش خان مہر، عوامی مسلم لیگ سے شیخ رشید احمد اور عوامی نیشنل پارٹی سے امیر حیدر اعظم خان کو مدعو کیا گیا ہے ۔

اجلاس میں وفاقی وزراء پرویز خٹک، عجاز احمد شاہ، علی امین خان گنڈاپور، شفقت محمود، اسد عمر، شبلی فراز اور دیگر وزراء بھی شرکت کریں گے جبکہ وزیراعظم کے مشیر ظہیر الدین بابر عوان اور معاون خصوصی معید یوسف بھی اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہونگے ۔

اجلاس میں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان ، صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر کو بھی خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے تمام ممبران بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔اجلاس میں عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کے موجودہ امور پر بریفنگ دی جائے گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More