مافیاز پر پلنے والی حکومت عوام کو صرف تکلیف دے سکتی ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی ترجمان نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دے دیا ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ چینی صرف اور صرف عمران صاحب کے فیصلوں کی وجہ سے مہنگی ہو رہی ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے چینی کی بڑھتی قیمتوں پر اپنے رد عمل میں کہا کہ چینی صرف اور صرف عمران خان کے فیصلوں کی وجہ سے مہنگی ہو رہی ہے۔ چینی کی قیمتوں میں اضافے سے صرف عمران خان کے اے ٹی ایمز ، کارٹلز اور مافیا کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ عمران خان عوام کو لوٹ کر اپنے اے ٹی ایمز، کارٹلز اور مافیاز کی جیبیں بھر رہے ہیں۔مافیاز پر پلنے والی حکومت عوام کو صرف تکلیف دے سکتی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے ہر خطاب اور فیصلے کے نتیجے میں قوم کو آنسو ملے۔ گزشتہ روز عمران خان کا خطاب ختم ہوتے ہی عوام پر چینی کا بم گرا دیا جبکہ گھی اور خوردنی تیل سب کچھ مزید مہنگا ہوگیا۔ انہوں نے یہ ریلیف پیکیج دیا کہ چینی 145 اور 150 روپے کلو پر پہنچ گئی۔ حکومت کے جھوٹ کی طرح ملک میں مہنگائی بھی بڑھتی جارہی ہے۔عمران خان قوم کی جان چھوڑیں، مہنگائی سے عوام کا گلا نہ گھونٹیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More