نیب ترمیم سے 11 سو ارب روپے کے کیسز ختم کیے گئے، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مانے ہوئے کرپٹ لوگ ہم پر مسلط کر دیئے گئے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو حکمران ہم پر مسلط کیے گئے وہ 30 سال سے چوری کر رہے تھے اور انہوں نے آتے ہی عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا۔ ملک کو تباہ کرنا ہو تو چور اور ڈاکوؤں کو مسلط کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کبھی قاضی نہیں ہوسکتا۔ پیٹرول، بجلی، گیس سب کچھ مہنگا کر دیا گیا۔ ہم نے اپنے لیے نہیں بلکہ اپنے مستقبل کے لیے نکلنا ہو گا اور 2 جولائی کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ثابت کریں گے کہ ہم زندہ قوم ہیں۔ 2 جولائی کو تاریخی جلسہ کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ مانے ہوئے کرپٹ لوگ ہم پر مسلط کر دیئے گئے ہیں جنہوں نے آتے ہی اپنے کرپشن کیسز ختم کیے اور نیب کو ختم کیا۔ نیب ترمیم سے 11 سو ارب روپے کے کیسز ختم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں 2 سال میں ایکسپورٹ 70 فیصد بڑھی۔ یہ ہمیں کہتے تھے کہ ہم آئی ایم ایف کے غلام ہیں اور امریکہ سے مل کر منتخب حکومت سازش سے ختم کی گئی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More