اتنے پنگے لیے ہیں کہ اب کمنٹری نہیں ملنی، رمیز راجہ

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ میرا فوکس ٹیم کی پرفارمنس پر ہے، اچھی بات یہ ہے کہ فینز ٹیم کو اون کر رہے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جونیئر لیگ کا لانچ کرنا بیک اپ کی سہولت ہوگا، ہمارے پاس ایک ہی گیم رہ گئی ہے، جس سے ہمارے جذبے جڑے ہوئے ہیں، ہر روز ایک اچھے عمل کی نیت کر کے گھر سے جاتا ہوں، نیت صاف ہے تو پھل ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے کرکٹ کا بمپر سیزن ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں، ایشیا کپ، ورلڈ کپ بھی اسی سیزن میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ میں 6 فرنچاٸز کے لیے 30 کمپنیوں نے اظہار دلچسپی کیا ہے، اُمید ہے پاکستان جونیئر لیگ بہت کامیاب ہوگی، پی سی بی کا یہ پہلا بورڈ ہے جو جونیئر لیگ کرا رہا ہے۔ رمیز راجا نے بتایا کہ پاکستان جونیئرلیگ کیلئے شاہد آفریدی، شعیب ملک، ڈیرن سیمی آئیکون پلیئر ہوں گے، جبکہ سابق کپتان جاوید میانداد کو بھی جونیئر لیگ میں شامل کیا گیا ہے۔

اپنے جانے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے پتہ ہے میں کہیں نہیں جا رہا، کیا اسٹیمپ پیپر پر لکھ دوں، مجھے پتہ ہے آپ لوگ چاہتے ہیں کہ میں چلا جاؤں، میں نے بورڈ میں اتنے پنگے لیے ہیں کہ اب کمنٹری تو نہیں ملنی ہے۔ پاتھ وے پروگرام کے بارے میں بتایا کہ 30 ہزار ماہانہ بھی دیا جائے گا، پراجیکٹ کا مطلب صرف کرکٹر ہی نکالنا نہیں بلکہ زندگیاں بدلنا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More