جب تک دولت نہیں بڑھتی غربت کم نہیں کی جا سکتی

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک دولت نہیں بڑھتی غربت کم نہیں کی جا سکتی۔

وزیر اعظم عمران خان نے چینی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان بہترین تعلقات ہیں اور آئندہ ہفتے چین کا دورہ کر رہا ہوں۔ دورہ چین ہمیشہ باعث خوشی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں اور چین نے کورونا سمیت ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ شاہراہ قرارقرم بنتے وقت دشوار گزار راستوں کے باوجود کام ہوتا رہا۔

عمران خان نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان بہترین منصوبہ ہے جبکہ سی پیک پاکستان اور چین کو قریب لایا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے چینی کھلاڑیوں کو کرکٹ سکھائیں اور کورونا سے کھیل کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔ خیبرپختونخوا میں گلگت سمیت دیگر علاقے کھیل کے لیے بہترین ہیں اور خنجراب پاس کے قریب پاکستان اور چین میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے خواہاں ہیں۔ چین کھیلوں میں آگے نہیں تھا مگر آج وہاں ترجیح دی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چین نے 40 سال محنت کی اور قوم کو غربت سے نکالا اب میں پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے چینی اصول سے رہنمائی لیتا ہوں۔ جب تک دولت نہیں بڑھتی غربت کم نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معیشت کو بہتر کرنے کے لیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے جبکہ زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں چین سے معاونت کے خواہاں ہیں۔ پاکستان چاہتا ہے پیداوار بڑھائے اور زراعت کو بہتر کرے۔

عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے معیشت پر ماضی میں توجہ نہیں دی گئی جبکہ موسمیاتی تبدیلوں سے نمٹنے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔ پاکستان میں شہر بڑھ رہے ہیں اور لوگ شہروں کی طرف آ رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم پر خاموشی توڑے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان 40 سال مشکل میں رہا اور اسے میدان جنگ بنایا گیا اور مغربی افواج کے انخلا کے بعد وہاں انسانی بحران کا خدشہ پیدا ہوا۔ عالمی برادری افغانستان کی مدد کرے اور انسانی بحران سے بچانے میں تعاون کرے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More