آن لائن گیم پب جی پر پابندی کیلئے درخواست دائر

لاہور: آن لائن گیم پب جی پابندی کے لئے درخواست دائر کردی گئی، جس میں کہا گیا کہ پب جی کے استعمال سے لڑکے نے ماں اوربہن بھائیوں کو قتل کیا، فوری پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں آن لائن گیم پب جی پابندی کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست میں وفاقی حکومت،پی ٹی اےاور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ شہری تنویر احمد نے ندیم سرور ایڈوکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں پب جی گیم کے منفی اثرات سے کئی ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

لاہور میں پب جی کے استمعال سے 14 سالہ لڑکے نے اپنی ماں اور بہن بھائیوں کو قتل کیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ پب جی کے استعمال سے نوجوان نسل کی ذہنی صحت اور زندگی کو شدید خطرات لاحق ہورہے ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق پاکستان میں آن لائن گیمز کو ریگولیٹ کرنے کیلئے کوئی قانون موجود نہیں ہے جبکہ انڈیا میں آن لائن گیمز کو ریگولیٹ کرنے کیلئے باقاعدہ قوانین وضع کیے گئے ہیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ ہائی کورٹ آن لائن گیم پب جی پر فوری پابندی عائد کرنے کا حکم دے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More