یہ وقت سیاست کا نہیں سیلاب متاثرین کی بھرپور معاونت کا ہے، نواز شریف

لاہور: قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر  تباہی مچائی جس کے مناظر دیکھ کر انتہائی دکھ ہوتا ہے۔

نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے تحت منعقدہ کا سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے پروگرام میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے ہزاروں افراد لقمہ اجل جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں، بلاشبہ حالیہ سیلاب بہت بڑی قدرتی آفت ہے، قدرتی آفت کا شکار لوگ اپنے بہن بھائیوں کی مدد کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی بھرپور معاونت کا ہے، زخموں پر مرہم رکھنے کا ہے، مخیرحضرات سمیت پوری قوم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد کیلئے متحد ہوں ،  پوری قوم اپنی توانائیاں سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرے۔

نوازشریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین  کی  بھرپور مدد پر وزیراعظم شہبازشریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، مریم نواز بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی ، متاثرین سے ملاقات کریں گی، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو دکھی لوگوں کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More